میسجنگ ایپ وٹس ایپ میں ایک فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے

268

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو فون نمبر کے بغیر لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ویب صارفین کے لیے واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے، اس فیچر سے ہر صارف اپنا ایک یوزر نیم تیار کرکے اسے دوستوں، گھر والوں اور کانٹیکٹس کے ساتھ رابطے میں استعمال کر سکے گا۔

جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرلے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سکیورٹی زیادہ مضبوط ہوجائے گی۔

یہ فیچر کچھ عرصے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا، اب اسے واٹس ایپ کے ویب ورژن کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔