کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

105

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

یہ مقابلہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی 117 اور شریاس آئیر 105رنز بناکر نمایاں رہے۔

398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49 ویں اوور میں 327رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیرل مچل 134 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے چوتھی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے، بھارتی ٹیم 2 بار ورلڈ چیمپئن بنی ہے۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو یعنی کل کھیلا جائے گا، یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا جہاں میچ طوفان کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔