کرکٹ ورلڈ کپ، جنوبی افریقا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

120

آئی سی سی ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔

جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا، ایڈن مارکرم 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 4 میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے ابھی 3 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم 50 اور سعود شکیل 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔