ڈیرہ بگٹی میں آپریشن پچھلے تیرہ دنوں سے بدستور جاری ہے، جبکہ تازہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے اوچ کے قریب علاقوں میں آج آپریشن کے دوران دو بھائیوں سمیت تین افراد کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔
لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت علی محمد ولد دل مراد بگٹی، نور محمد ولد دل مراد بگٹی اور یار خان ولد شاہ علی بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب اوچ کے ہی علاقے لاغر داوان سے مقامی لوگوں کے تین ٹریکٹر بھی فورسز کے تحویل میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹریکٹر مالکان کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوج کو روشن سپلائی کے لئے تیل وغیرہ کا خرچہ بھی وہ خود ہی کریں۔
دوسری طرف سوئی کے قریب سوناری مٹ کے علاقے میں ایک سکول کو فورسز کیمپ میں تبدیل کرنے کی اطلاعات ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر بھی مسلسل درینجن، گنڈوئی اور آسرئی کے علاقوں پر گھوم رہے ہیں۔