کوئٹہ: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو افراد لاپتہ

251

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فورسز نے دو افراد کو جبری گمشدگی کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے دونوں افراد کی شناخت سجاد علی ولد عزت خان اور محمد یوسف ولد محمد بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔

لاپتہ بلوچوں کی بازیابی کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‏آج 3 بجے کے قریب سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے عزت خان نیچاری کے گھر واقع کلی نیچاری بڑو قمبرانی روڑ کوئٹہ بالمقابل کیچی بیگ تھانہ پر غیر قانونی چھاپہ مار کر سجاد علی ولد عزت خان اور محمد یوسف ولد محمد بخش کو حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا۔

دوسری جانب ڈیرہ بگٹی سے اطلاعات ہیں کہ ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں پاکستانی فورسز نے مختلف علاقوں سے ستر سے زائد بگٹی نوجوانوں کو اغواء کر کے اپنے دفتر لے گئے۔ ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوانوں کو اس لئے گرفتار کیا گیا ہے کہ انہوں نے شہید نواب اکبر خان بگٹی کی برسی کے مناسبت سے سوشل میڈیا پر ان کے تصاویر شئیر کیئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ان سے شہید نواب اکبر خان بگٹی کے تصاویر ڈلیٹ کروائے اور پھر ان کو چھوڑ دیا گیا تاہم چند نوجوان اب بھی آئی لاپتہ ہیں۔