پاکستان اور ایران کا ’دہشت گردی‘ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کا عزم

233

پاکستان اور ایران نے ’دہشت گردی کو خطے اور دونوں ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کو ختم کرنے کا عزم کیا ہے۔‘

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس عزم کا اظہار پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے ایران کے دو روزہ دورے کے دوران ہوا، جب انہوں نے ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سمیت دیگر عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کی فوجی قیادتوں نے سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے راستے تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

پاکستان کے آرمی چیف نے ایرانی صدر ایچ ای ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ایچ ای حسین امیر عبداللہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں دوران علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

پاکستانی آرمی چیف کے تہران پہنچنے پر ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا تھا۔