خواتین کا فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ شروع

154

خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک میزبان ملک نیوزی لینڈ نے سابقہ چیمپیئن ناروے کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

سابقہ عالمی چمپیئن کو ایک گول سے شکست دینا، اس سطح کے عالمی مقابلے میں نیوزی لینڈ کی  پہلی کامیابی ہے۔

میلبورن سٹی کلب کی اسٹرائیکر کھلاڑی وِلکسن نے دو نارویجیئن کھلاڑی کو ڈاج دیتے ہوئے کھیل کے 48ویں منٹ میںاپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔ آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ مقابلوں کی پہلی فتح بھی رقم کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم عالمی کپ میچیز میں بارہ دفعہ شکست کھا چکی ہے، جب کہ پانچ بار وہ فقط میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

 ناروے کی ٹیم کو میچ برابر کرنے کا بہترین موقع کھیل کے58ویں منٹ میں ملا، مگر فریدا مانُم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم فلپائن اور تیس جولائی کو سوئٹرزلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ ناروے کے خلاف فتح کو کیوی ٹیم کی آئندہ مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے حوصلہ افزا کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی کپ فٹ بال کے دوسرے میزبان ملک آسٹریلیا کو جمعرات کو گروپ بی کے ایک میچ میں پہلی بار عالمی کپ فٹ بال تک رسائی حاصل کرنے والی آئرلینڈ کا سڈنی میں سامنا کرنا ہے۔

32 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ فٹ بال مقابلے 20 اگست کو اپنے اختتام کو پہنچیں گے۔

آکلینڈ میں عالمی کپ مقابلوں کے آغاز سے قبل ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہو جانے کے واقعے کے تناظر میں میچ کے آغاز پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، جب کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب بھی مختصر رہی۔