وڈھ صورتحال: حکومتی وفد کا اختر مینگل سے ملاقات

584

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاءاللہ لانگو نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور رکن پاکستان اسمبلی سردار اختر مینگل سے ملاقات کی ۔

جمعرات کو ملاقات میں ارکان بلوچستان اسمبلی زابد ریکی ،حسن نواز بلوچ،یونس عزیز زہری ،سردار اسلم بزنجو ،سردار اسد مینگل ، علماءکرام ،قباہلی عمائدین موجود تھے۔

اس موقع پر آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ اور کمشنر خضدار دواد خلجی کی جانب سے شرکا کو بریفنگ دی گئی ۔

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاءاللہ لانگو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت سے نکالنا ہو گا آگے کے مسائل کو حل کر نے کے لئے طریقہ بنانا ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ جرائم کو زیرو ٹالرنس پر لانا ہوگا۔ آئی جی پولیس کی سربراہی میں کمیٹی بنانے جائے گی، حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، حکومتی رٹ ہر صورت قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں سے بھتہ کی شکایات افسوسناک ہیں، بھتہ گیری جیسے ناسور نا قابل برداشت ہے روانہ کی بیناد پر کوآرڈینیشن کی جائے روڈز اور بازار قطعاً بند نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان، بھتہ گیری اور قتل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اگر انتظامیہ نے اقدامات نہیں کئے تو انتظامیہ کے خلاف میں خود ایکشن لوں گا۔

اس موقع پر سردار اختر مینگل نے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسائل کا حل نکالیں قبائلی علاقوں کے اپنی روایات ہے علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کر کے معاملات کا پوچھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مسائل کا حل نکالیں علاقہ مکینوں کو تنگ کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، قبائلی عمائدین کھل کر سرکار سے بات کریں۔

آئی جی پولیس عبد الخالق شیخ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی بھتہ گیری میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا بی این پی کے رکن پاکستان اسمبلی آغا حسن بلوچ نے اسمبلی کے فلور پر اپنے خطاب میں سپیکر کی توجہ ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں امن و امان کی صورتحال کی طرف مبذول کرائی۔

انہوں نے کہا کہ وڈھ میں مینگل قبائل کے درمیان تناؤ خطرناک حد تک بڑھنےکا خدشہ ہے ، تصادم کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جانیں جائیں گی ، متعلقہ سیکورٹی ایجنسیاں اور سیکورٹی فورسز مداخلت کریں اور صورتحال کو کنٹرول کریں۔

انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور ہدایت دیں۔