محمکہ موسمیات نے ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 11 جون 2023 کے بعد سے کھلے سمندر میں نہ جائیں، تاوقتیکہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان کا سسٹم ختم نہ ہو جائے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان ’بائے پر جوائے‘ کے پیش نظر ملک کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ’انتہائی شدید‘ بارشوں سے خبردار کیا ہے جب کہ طوفان مسلسل پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق بحیرہ عرب، جو پاکستان کی جنوبی ساحلی پٹی کے ساتھ جڑا ہوا ہے، میں رواں ہفتے سمندر کے اوپر ہوا کا شدید کم دباؤ انتہائی شدید طوفان ’بائے پرجوائے‘ کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کی لہریں تقریباً 20 فٹ بلند ہیں۔
محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق: ’مشرقی وسطی بحیرہ عرب پر انتہائی شدید سمندری طوفان بائے پرجوائے اپنی شدت کو برقرار رکھتے ہوئے گذشتہ 12 گھنٹے کے دوران شمال- شمال مشرق کی جانب مزید آگے بڑھتا ہوا اب کراچی کے جنوب میں 840 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔‘
#NEOC Update:Very Severe Cyclonic Storm #BIPARJOY status.
Dev path based on intl weather models is for proactive measures against likely impacts. It’s evolving sit & impact will only be certain w/ further devplt of sys.
Source:Windy (UKM,BoM-A, ECMWF model)🕒11June,0900hrs PST pic.twitter.com/SMD9c6cnmg— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 11, 2023
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان کے باعث جنوبی اور جنوب مشرقی سندھ (کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور میرپورخاص اضلاع) میں تیز ہواؤں (60-80 کلومیٹر فی گھنٹہ) کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ 13 جون کی شام یا رات کے بعد شدید بارش متوقع ہے۔
اسی طرح آٹھ سے 10 فٹ بلند طوفانی لہروں کے امکان کے باعث ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 11 جون 2023 کے بعد سے کھلے سمندر میں نہ جائیں، تاوقتیکہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان کا سسٹم ختم نہ ہو جائے کیونکہ بحیرہ عرب میں طوفان کے باعث اونچی لہریں ساحل تک آسکتی ہیں۔