بھارت میں شدید گرمی اور لو،98 افراد ہلاک

192

بھارت کی شمالی ریاستیں اتر پردیش اور بہار میں شدید گرمی کے سبب تین دن کے دوران کم از کم 98 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری طرف مغربی ریاست گجرات میں آنے والے بپر جائے طوفان کے بعد معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں جب کہ 15 سو سے زائد گاؤں اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں شدید گرمی اور لو کے دوران 54 افراد ہلاک جبکہ بہار میں 44 افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

نشریاتی ادارے ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں سرکاری حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اتر پردیش کے شہر بالیا میں 15 سے 17 جون کے درمیان 54 اموات رپورٹ کی گئیں جب کہ پچھلے تین دنوں کے دوران کم از کم 400 افراد کو بخار، سانس لینے میں دشواری اور دیگر طبی وجوہات کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

حکام کے مطابق اسپتال میں داخل ہونے والے اکثر مریضوں کی عمریں 60 سال سے زیادہ ہیں۔

چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر جینت کمار کا کہنا ہے کہ بالیا شہر میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے۔