بلوچستان یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین نے جامعہ بلوچستان کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے جامعہ بلوچستان کے لئے زکوٰۃ و خیرات اکٹھا کرنے لگے۔
پیر کے روز بلوچستان یونیورسٹی کےمالی بحران کے خلاف اساتذہ اور ملازمین کا احتجاج جاری رہا اور انہوں نے نہ صرف یونیورسٹی کے سامنے سریاب روڈ پر احتجاج کیا بلکہ اساتذہ، آفیسران اور ملازمین احتجاجاً جامعہ بلوچستان کے لئے زکوٰۃ و خیرات بھی اکٹھا کیا۔
ان ملازمین کے مطابق گذشتہ کئی سالوں سے بلوچستان یونیورسٹی مالی بحران سے دوچار ہے جس کے باعث اب ملازمین یونیورسٹی کے سامنے زکوٰۃ اور خیرات جمع کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ یونیورسٹی کی مالی بحران کے حل کرنے کے لیے اساتذہ اور ملازمین کو خیرات دی جائے۔
یاد رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کے ملازمین گذشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث بہت سے اساتذہ اور ملازمین کے گھروں میں فاقے شروع ہوچکے ہیں۔
مالی بحران کے باعث اساتذہ اور ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گذشتہ ایک ہفتے سے جامعہ بلوچستان کا یونیورسٹی میں مکمل تالا بندی اور امتحانات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔