بلوچستان میں بارشیں، 3 افراد جاں بحق

226

بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 36 گھنٹوں سے جاری بارشوں کے دوران 3 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔

بلوچستان میں بدھ کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ تیز بارش میں تبدیل ہوا اور جمعے تک جاری رہا اور اس دوران نقصانات بھی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے سربراہ نصیر احمد نصر نے بتایا کہ لسبیلہ، کیچ، پنجگور، واشک، خضدار، مستونگ اور سوراب سمیت 7 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچے جاں بحق اور دیگر دو افراد زخمی ہوئے، دوسرے واقعے میں کیچ کے علاقے میں بارش کے بعد روڑ پر کار پھسل کر حادثے کا شکار ہوئی اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

تربت میں شدید بارش کے بعد سیلاب سے آیا اور شہر سمیت اطراف میں نظام زندگی معطل ہوگیا اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہوسکتی ہے۔