شاہ نورانی سارونہ واقعہ پر ایم این اے اسلم بھوتانی کا پاکستان اسمبلی میں احتجاج۔ فورسز کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے شخص کیخلاف کارروائی کا مطالبہ۔
بی این پی مینگل کے سربراہ رکن پاکستان اسمبلی سردار اختر مینگل کے حلقہ انتخاب درگاہ شاہ نورانی سارونہ میں گزشتہ روز ہونے والے واقعے کے حوالے سے لسبیلہ، گوادر، حب سے ممبر پاکستان اسمبلی اسلم بھوتانی نے احتجاج ریکارڈ کرکے مردم شماری کی آڑ میں سارونہ کے علاقے میں فورسز کی جانب سے لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہاں پر ایک شخص خود کو ایم آئی اور آئی ایس آئی کا کارندہ ظاہر کرکے لوگوں کو ہراساں کرتا ہے۔
ایم این اے اسلم بھوتانی نے اسپیکر اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بارے میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے بات کریں اور معاملے کا نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اس متعلق انکی متعلقہ اداروں کے بالا افسران سے بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارونہ میں لوگوں میں مذکورہ واقعے کے بارے میں کافی تشویش اور اشتعال پایا جاتا ہے۔
رکن اسمبلی محسن داوڈ نے اس موقع پر کہا کہ ایف سی کے کرتوت آج کے نہیں ، یہ دہشت گردی کرتے آرہے ہیں، اس طرح کے واقعات ہر دوسرے دن وہاں ہوتے ہیں۔
محسن نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کالونیز میں ہوتے ہیں، مہذب ممالک میں نہیں ہوتے۔ ہرنائی میں ایف سی نے زبردستی مقامی کوئلے کے ٹھیکیداروں سے معاہدے کیے ہیں کہ ہمیں مہینے اتنا بھتہ دیا جائے۔