کیچ: تعلیم ہر فرد اور بچے کا بنیادی حق ہے ۔ یونیسف

250

محکمہ ایجوکیشن کیچ کے زیراہتمام یونیسف کے تعاون سے پیر کو “ہر بچہ اسکول میں اچھا” کے عنوان پر داخلہ مہم کے سلسلے میں ڈی ای او کیچ منظور احمد بلوچ کی سربراہی میں ماڈل اسکول تربت سے پریس کلب تک واک کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران غفور احمد دشتی، اسسٹنٹ کمشنر تربت بھرام سلیم، ڈپٹی ڈی ای او تربت ناصر پھلان، ڈی ڈی او دشت شیرجان دشتی، پرنسپل ماڈل اسکول تربت علی جان بلوچ، وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر مفتی سعید احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر قدیر لقمان، پی این پی عوامی کے مرکزی رہنما خان محمد جان، نیشنل پارٹی کے رہنما قادر بخش بلوچ، ضلعی منیجر ای ایس پی فیض الرحمن، آر ٹی ایس ایم کے ڈیم ایم سی حلیم بلوچ، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، تعلیمی افسران، این جی اوز کے نمائندے اور طلبہ شریک تھے۔

تربت پریس کلب کے سامنے واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ منظور احمد بلوچ نے کہاکہ اس سال ضلع کیچ میں 18 ہزار 3 سو 23 بچوں کو اسکول میں داخلہ دلانے کا ٹارگٹ ہے، جو بچے 4 سے 10 سال کی عمر میں ہیں اور وہ اسکول نہیں آرہے ہیں ان کو داخلہ دلانا ایک قومی ذمہ داری ہے۔ اگر سول سوسائٹی ساتھ دے تو یہ ٹارگٹ پورا مشکل نہیں ہے، گزشتہ سال کیچ میں شرح خواندگی 70 فیصد تھی یہ بلوچستان میں سب سے زیادہ ریشو تھا اس سال ہماری کوشش ہے کہ اسے 90 فیصد بڑھائیں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر تربت بھرام سلیم نے کہاکہ ضلع کیچ میں آبادی بڑھ گئی ہے بڑی تعداد میں لوگ دیہی علاقوں سے شہر کی طرف آئے ہیں اس لیے بچوں کو اسکول تک لانا آسان ہے ہر فرد یہ کوشش کرے کہ وہ اپنے علاقے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دلانے کے لیے جدوجہد کرے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن مکران غفور احمد دشتی نے کہاکہ جو ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ٹارگٹ سے بڑھ کر اسے دو گنا کرنے کی کوشش معاشرے کی ترقی کے لیے سودمند ہوگی، سول سوسائٹی کے ہر فرد کو اس پر اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، سرکاری سطح پر ہر سال مارچ کو یہ دن منایا جاتا ہے اس کا مقصد تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے شعور پھیلانا ہے۔

پی این پی عوامی کے مرکزی رہنما خان محمد جان نے کہاکہ تعلیم کا حصول ہر فرد کا بنیادی حق ہے، سرکاری اداروں میں زیادہ سہولیات مہیا کی جائے تاکہ ہر بچہ آسانی سے علم حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

نیشنل پارٹی کے رہنما قادر بخش بلوچ نے کہاکہ ایسے تقاریب کا مقصد لوگوں کو تعلیم کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ باشعور بنانا ہے، علم کا حصول میں اس علاقے کے لوگوں کا ہمیشہ ایک اہم کردار رہا یے، دشت اور دیہی علاقوں سے لوگ پڑھنے کے لیے اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں رہتے تھے، ہمیں بچوں کے ساتھ بچیوں کی تعلیم کے لیے بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے نیشنل پارٹی نے 1988 فیمیل ایجوکیشن کے لیے ایک راہ ہموار کی۔

وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر مفتی سعید احمد نے کہاکہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے مگر حصول علم کو آسان بنا دیا جائے اور اسے ہر فرد کی دسترس تک لایا جائے۔

وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن محکمہ ایجوکیشن کو تعلیم کی بھتری کے لیے ہر طرح کے سپورٹ کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

یونیسف کے نمائندے فیض الرحمان نے کہاکہ تعلیم ہر فرد اور بچے کا بنیادی حق ہے یونیسف بلوچستان کے 20 اضلاع میں تعلیم پر کام کررہی ہے۔

پرنسپل ماڈل اسکول تربت علی جان بلوچ نے کہاکہ ہمارا مقصد صرف ایک آگاہی واک نہیں بلکہ اس واک سے شعور و بیداری پھیلا کر عملی طور پر متحرک رہنا ہے، ہم میں سے ہر شخص کو اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری سے کتنے بچے اسکول لے آئینگے۔

اس موقع پر قدیر لقمان، جی ٹی اے کے رہنما اکبر علی اکبر، عبدالسلام، علی محمد شاھل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔