کیچ: انقلابی گلوکار کے گھر پر چھاپہ، دو افراد لاپتہ

631

بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز نے انقلابی گلوکار سمیت متعدد افراد کے گھروں پر چھاپہ مارکر دو افراد کو جبری گمشدگی کے شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کل رات پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے تمپ کونشکلات میں انقلابی گلوکار منہاج مختار اور دیگر لوگوں کے گھروں پر چھاپہ مارکر دو افراد حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فورسز نے منہاج مختار کے والد کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور بعدازاں چھوڑ دیا، جبکہ گھروں میں موجود موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

اس کے علاوہ فورسز نے فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جانبحق ہونے والے عرفان کے گھر پر بھی چھاپہ مارکر گھر میں موجود لوگوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ منہاج مختار کے گھر پر اس سے قبل بھی فورسز کی جانب سے متعدد بار چھاپے مارے جاچکے ہیں اور گھروں کو جلایا بھی گیا ہے۔

گذشتہ شب فورسز نے عطاء اللہ نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارکر لوٹ مار اور خواتین و بچوں کو تشدد بناکر عطاء اللہ کے جوانسال بیٹے اسرار کو جبری گمشدگی کے شکار بنایا جبکہ میرین داد نامی شخص کے گھر پر بھی چھاپہ مارکر اس کے بیٹے جلال کو حراست میں لیا گیا۔