پاکستان: مختلف شہروں میں زلزلہ، 4 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

475

پاکستان کے اسلام آباد پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد کے ہلاک ہونے اور 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان اور بلوچستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

پاکستانی شہروں کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔

زلزلے کے باعث دیوار گرنے اور دیگر واقعات میں 4 افراد جاں بحق

شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص بھی جاں بحق ہوا جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں زلزلے کے دوران خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔

اس کے علاوہ سوات کے علاقے مدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 50 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ زلزلے سے خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع سےچھت اور دیواریں گرنےکی اطلاعات ملی ہیں، ایمرجنسی کالز صوابی، چترال، بونیر، مردان اور لوئر دیر سے موصول ہوئیں۔

ادھر کوہستان میں زلزے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے جبکہ کالام کےقریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوئی ہے اور اس کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں۔ رہائشی فلیٹس سے باہر نکل آئے۔ ضلعی انتظامیہ بلڈنگ کا معائنہ کرے گی۔

گوجر خان میں دیواد گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔