ٹوئٹر نے مفت بلیو ٹک ہٹانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا

242

اگر آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے سے قبل بلیو ٹک حاصل ہوا تھا تو اب اسے الوداع کہنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد اگلے مہینے سے مفت بلیو ٹک ہٹانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔

ٹوئٹر بلیو کے آغاز سے کمپنی کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ آنے والے مہینوں میں مفت بلیو ٹک اکاؤنٹس سے ہٹا دیے جائیں گے اور اب اس حوالے سے باضابطہ تاریخ سامنے آئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایسے بلیو ٹک والے اکاؤنٹس سے کہا جائے گا کہ وہ اسے برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو کے صارف بن جائیں۔

ٹوئٹ میں کمپنی نے بتایا کہ یکم اپریل سے legacy ویری فائیڈ پروگرام کو بند کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹائے جائیں گے، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔

اسی طرح کی پیشکش کمپنیوں یا اداروں کو بھی کی جائے گی۔

ٹوئٹر بلیو سروس کے صارفین کو بلیو چیک مارک کے ساتھ ساتھ طویل ویڈیوز، 4000 حروف کے ٹوئٹس اور ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے سمیت متعدد نئے فیچرز تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔

ٹوئٹر بلیو کے لیے چند شرائط کو پورا کرنا بھی ضروری ہے۔

ڈسپلے نیم، پروفائل فوٹو اور فون نمبر، اکاؤنٹ کو بنائے 90 دن سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہو، پروفائل فوٹو، نام یا یوزرنیم میں حالیہ دنوں میں تبدیلی نہ کی گئی ہو اور اکاؤنٹ ایکٹیو ہونا ضروری ہے۔