بلخ: دھماکہ پانچ افراد زخمی

245

افغانستان کے علاقے بلخ میں آج ایک اور دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں، دو روز قبل دھماکے میں بلخ کے گورنر داؤد مزمل جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں آج ہفتے کے روز پھر ایک دھماکہ ہوا ہے۔ جمعرات کو بھی بلخ میں دھماکہ ہوا تھا جس میں بلخ کے گورنر داؤد مزمل جاں ہوگئے تھے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری ’’داعش‘‘ نے قبول کی تھی۔

ہفتے کو افغان پولیس کے بیان میں بتایا گیا کہ دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔

بلخ پولیس کے ترجمان محمد آصف وزیری نے کہا کہ بلخ کے دوسرے پولیس ڈسٹرکٹ میں ایک دھماکہ ہوا ہے تاہم تفصیلات تاحال بتا نہیں سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا امکان نہیں ہے۔

خیال رہے طالبان حکام جمعرات کو ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں صوبائی گورنر اور دو دیگر افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ گورنر کے دفتر میں کیا گیا تھا۔

’’داعش‘‘ نے ایک بیان میں، جو اس کی عماق نیوز ایجنسی کے ذریعے شائع کیا گیا ہے، کہا تھا کہ اس کا ایک جنگجو ریاست کے گورنر کا ان کے دفتر کے باہر انتظار کر رہا تھا۔ گورنر کے نکلتے ہی وہ تیزی سے آگے بڑھا اور دھماکہ خیز مواد سے دھماکہ کیا۔