تاجر تنظیموں کا تحریک لبیک کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان۔

240

تاجر تنظیموں نے تحریک لبیک پاکستان کی 27 فروری کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے مارکیٹیں کھولنے اور کاروبار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کردیا۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داروں نے از خود ہی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے، تاجر برادری نے آج تک کسی بھی سیاسی جماعت کی کال پر ہڑتال نہیں کی۔

صدر انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ مہنگائی مارچ لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کرتی ہیں، تحریک لبیک کے ذمہ داران اپنے اعلان پر نظر ثانی کریں۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت نے عوام پر انتہا کا ظلم ڈھا رکھا ہے۔ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے، ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ملک سیاسی بحران سے نکل آیا معاشی بحران بھی ختم ہو جائے گا۔ جب تک عوام سڑکوں پر نہیں نکلیں گے بات نہیں بنے گی، عوام اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں انشااللہ تاجر دو قدم آگے ہوں گے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) نے پاکستان میں بڑھتی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پیر 27 فروری کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

مذہبی جماعت کی کال پر بلوچستان کے ضلع خضدار اور بیلہ میں جزوی ہڑتال ہے تاہم مجموعی طور پر بلوچستان میں کاروبار جاری ہے۔