امریکی صدر بائیڈن کا یوکرین کا غیر اعلانیہ دورہ

233

امریکہ کے صدر جو بائیڈن پیر کو یوکرین کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے غیر اعلانیہ دورے پر کیف پہنچے ۔

امریکی صدر نے یہ دورہ ایسے وقت کیا ہے جب یوکرین پر روس کے حملے کو ایک سال مکمل ہونے والا ہے۔

پیر کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچنے کے بعد صدر بائیڈن نے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں صدر بائیڈن نے یوکرین کے لیے  50 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا اور انہیں  یقین دلایا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کی مدد جاری رکھیں گے۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ ایک سال قبل روس کے حملے کے آغاز کے وقت یہ خوف منڈلا رہا تھا کہ روس کی فوج کیف پر جلد ہی قبضہ کرلے گی۔

لیکن ان کے بقول ایک سال گزرنے کے باوجود “کیف ثابت قدم ہے۔ جمہوریت ثابت قدم ہے۔ اور امریکہ اور دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔”

ملاقات کے بعد صدر زیلنسکی نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی فراہمی کے علاوہ ایسے ہتھیاروں کی ڈلیوری پر بھی بات کی ہے جو اتحادیوں سے یوکرین کو مل سکتے تھے لیکن اب تک نہیں ملے۔