بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری کردہ مرکزی بیان میں گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عوام کیساتھ ظلم و ناانصافی ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے عوام دشمن فیصلے سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا، عوام پہلے ہی شدید مہنگائی، بیروزگاری معاشی تنگدستیوں کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ورلڈ بینک اور دیگر ملٹی نیشنل اداروں کی خواہشات، مفادات اور تحفظات کے تمام تربوجھ قیمتوں میں اضافے کی صورت میں عوام براہ راست متاثر نان شبینہ کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے، عوام دوست حکومت کیلئے ضروری ہے کہ وہ عوام کی مجبوریوں، مشکلات مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کیلئے سہولیات اور آسانیاں پیدا کر کے قیمتوں پر کنٹرول کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ یکے بعد دیگرے تیل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے عوام شدید متاثر ہوئے ہیں،حکومت وقت ایسے فیصلوں سے اجتناب کریں جن کے نتیجے میں انہیں عوام کی تاعید و حمایت میں کمی کا سامنا کرنا پڑے،عوام نے سابقہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کو اس لئے مسترد کیا تھا کہ جنہوں نے تمام بوجھ غریب عوام پر ڈال کر قیمتوں میں اضافہ کروایا گیا، آئی ایم ایف ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن پر قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو قبول کر کے عوام کومایوس کیا گیا، آج جس تیزی کیساتھ ملکی سطح پر بیروزگاری مہنگائی ڈالر کی قیمت میں اضافے سے غربت،معاشی تنگدستی بیروزگاری اور مالی مشکلات کے شکار عوام کا جینا اجیرن ہو گیاہے، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ موجودہ حکمران عوام کو سابقہ حکمرانوں کے دور میں دیئے گئے قیمتوں میں اضافہ اور دیگر مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی لاتے تاکہ عوام عملی طور پر موجودہ حکومت کی عوام دوستی کے فیصلوں کو سراہتے، بیان میں کہا گیا کہ بی این پی عوام کیساتھ کسی بھی قسم کی نا انصافی مشکلات پیدا کرنے کی پالیسیوں کی حمایت نہیں کریگی، کیونکہ ہمیں عوام کے مفادات اور ان کی مشکلات کم اور حل کرنا سب سے زیادہ عزیز ہے۔
بیان میں حکومت وقت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تیل و دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کر کے عوام کی حالات زار پر رحم کریں۔