حق دو تحریک رہنماؤں کی گرفتاری، بلوچستان بار کونسل کا عدالتوں سے بائیکاٹ

379

بلوچستان بار کونسل کی جانب سے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن کی گرفتاری کے خلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا-

بلوچستان بار کونسل نے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہداہت الرحمن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا۔ وکلاء کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بلوچستان بار کونسل کے مطابق ڈی پی او گوادر نے عدالت کے احترام کے بجائے مولانا ہدایت الرحمن کو زبردستی گرفتار کیا۔ ڈی پی او گوادر کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، وکلاء نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے-

یاد رہے پولیس نے گزشتہ روز گوادر حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان کو گوادر سے عدالت میں پیش ہونے کے دوران گرفتار کیا تھا جنہیں آج ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے آج مولانا ہدایت الرحمان سمیت دیگر گرفتار مظاہرین کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے حق دو تحریک کے رہنماء سمیت چار افراد کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے-

پولیس کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف گوادر میں نقص امن سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔