کیچ: ایک اور اسکول نذرآتش

498

گذشتہ شب نامعلوم افراد نے ضلع کیچ میں خان کلگ ہائی سکول دازن کو نذرآتش کرکے اس کو راکھ کردیا۔

اطلاعات کے مطابق دفتر میں رکھے گئے کلاس نہم و دہم کے امتحانی فارم بمعہ فیس، سروس بُک، حاضری رجسٹر، کرسیاں، ٹیبل، پنکھے، قالین، الماریاں، ساہن بورڈ، سمیت متعدد کتابیں جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکول کا شمار گردونواح کے بہترین اسکولوں میں ہوتا ہے۔ تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

خیال رہے کہ ضلع کیچ میں اسکولوں کو نذرآتش کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ نامعلوم افراد نے تحصیل بلیدہ کے یونین کونسل الندور میں واقع واحد پرائیوٹ اسکول کلکشان کو آگ لگا کر تباہ کیا۔

گذشتہ سال الندور میں سرکاری اسکول کے کچھ کمروں کو جلایا گیا تھا اور گلی بلیدہ میں ایک اسکول ساچ کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

جبکہ اس کے علاوہ ضلع پنجگور اور کیچ میں پرائیویٹ اسکول پر حملے، نذر آتش کرنے جیسے واقعات سامنے آئے ہیں۔