بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ سے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئیں۔ گیس لوڈشیڈنگ مسئلے نے گھریلو زندگی و ہوٹلوں کے کاروبار کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔
گیس پریشر کے مسئلے پر شہریوں اور تاجروں نے احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز کوئٹہ کے علاقے نواں کلی، ہنہ اوڑک، نوحصار اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں و تاجروں نے گیس پر پریشر میں کمی پر سوئی گیس کمپنی کے حکام اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجا سڑک بند کردی۔
نواں کلی کے پہلے اسٹاپ سے شروع ہونیوالی احتجاجی ریلی ائیرپورٹ روڈ چوک پر دھرنے کی صورت اختیار کرگئی جسکے باعث ائیرپورٹ روڈ سے شہر کی طرف آنے والی ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگئی ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی گیس غائب کردی گئی ہے، جسکی بحالی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
مظاہرین سے سوئی گیس کمپنی کے حکام نے مذاکرات کیئے اور علاقے میں گیس کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہائی کرائی۔