ٹوئٹر پر پیسوں سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی سبسکرپشن شروع

252

پیسوں سے سبسکرپشن صرف آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے

مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر نئے مالک ایلون مسک کی ہدایات پر پیسوں سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی سبسکرپشن شروع کردی گئی ہے۔

دنیا بھر میں معروف مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے ادارے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بلیو ٹک اکاؤنٹ (مصدقہ اکاؤنٹ) پر ماہانہ 8 ڈالر فیس وصول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایلون مسک کی ہدایات کی روشنی میں ٹوئٹر کی موبائل ایپ نے ایک اپ ڈیٹ کی پیشکش شروع کر دی ہے جس کی مدد سے صارفین ٹوئٹر بلیو کے نئے ورژن کے لیے سائن اپ کر سکیں گے۔

ٹوئٹر کے مطابق ہم ٹوئٹر بلیو میں نئے فیچرز شامل کر رہے ہیں۔ اگر آپ اب سائن اپ کرتے ہیں تو آپ کو 7.99 ڈالر ماہانہ فیس کے ساتھ ٹوئٹر بلیو ملے گا۔ فی الحال یہ سروس صرف آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین بھی اسے حاصل کرسکیں گے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ کی ڈائریکٹر پراڈکٹ ڈویلپمنٹ ایسٹر کرافورڈ کے مطابق ابھی نئی ٹوئٹر بلیو سروس لائیو نہیں ہوئی۔ اس مقصد کے لئے تیزی سے کام کر رہے ہیں، نئی بلیو لائیو سروس کا آغاز جلد ہی کردیا جائے گا۔