بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 7 نوجوان جبری طور لاپتہ کیے گئے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار سے تین نوجوان لاپتہ کردیئے گئے۔
ٹی بی پی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خضدار سول کالونی سے دو روز قبل پاکستانی فورسز نے تین نوجوانوں عاصم مجید، سکندر اور آصف کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا۔
مذکورہ نوجوان خضدار کے علاقے اسد آباد کے رہائشی ہیں جبکہ شاپنگ سینٹر چلانے کے روزگار سے منسلک ہیں۔
جبری گمشدگی کے بعد تاحال ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔ اس حوالے سے ضلعی حکام کا موقف بھی سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران جبری گمشدگیوں کے سات واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اس سے قبل کوئٹہ سے چار طالبعلموں کو پاکستانی فورسز نے لاپتہ کردیا تھا جس کی تصدیق ان کے لواحقین نے کی تھی۔
بعدازاں مذکورہ نوجوانوں کے لواحقین نے حکام کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کرنے کی بھی شکایت کی تھی۔
کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے نوجوانوں میں سے تین بازیاب ہوگئے لیکن ایک طالبعلم وحید سخی سکنہ آبسر، تربت تاحال لاپتہ ہے۔ ذرائع کے مطابق وحید سخی میٹرک کا طالبعلم اور تیاری کے سلسلے میں کوئٹہ میں تھا کہ انہیں لاپتہ کیا گیا۔