ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انڈیا نے پاکستان کو شکست دے دی

300

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔

یہ میچ اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے سنسنی خیز میچ ثابت ہوا جس کا فیصلہ آخری اوور کی آخری گیند پر ہوا اور بھارت نے مطلوبہ 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا، ویرات کوہلی اس اعصاب شکن مقابلے میں 82 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کو آخری اوور میں جیت کیلیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے مزید دو وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیے یوں بھارت اس میچ میں 4 وکٹوں سے فاتح قرار پایا۔

بھارتی بیٹنگ کے آغاز میں 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لڑکھڑا گئی تھی اور صرف 31 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے، بھارت کو پہلا نقصان 7 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب کے ایل راہول 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، کپتان روہت شرما تو چل میں آیا کے مصداق 10 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کو اپنی وکٹ دے بیٹھے، افتخار احمد نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔

بھارت کی تیسری وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گری جب سوریا کمار یادیو 15 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف کی دوسری وکٹ بنے، 31 کے مجموعے پر وکٹ کیپر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کے گٹھ جوڑ نے اکشر پٹیل کو پویلین کی راہ دکھائی وہ صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

31 رنز کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور ہردیک پانڈیا نے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں بلے بازوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، پانڈیا 37 گیندوں پر 40 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے، تاہم دوسرے اینڈ پر ویرات کوہلی ڈٹے رہے، آخری لمحات میں دنیش کارتیک رن آؤٹ ہوئے تو میچ میں تھوڑی سنسنی پیدا ہوئی۔

تاہم میچ بھارت کے نام رہا، ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔