وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ 4735 دن ہوگئے

162

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 4735 دن ہوگئے، آج اظہارِ یکجہتی کرنے والوں میں نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالصمد رند، صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد اللہ دھوار، فنانس سیکرٹری عبداللہ اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ جب مقامی لوگوں کو اذیت دی جاتی ہے تو اس وہ بات کی شکایت نہیں کیا کرتے، ان کو یہ پتہ ہوتا ہے ظلم کرنے والے اس کے ساتھ کسی قسم کا انصاف نہیں کر سکتے ہیں، ریاستی قائم کردہ عدالتیں اور کمیشن بلوچوں کو کبھی انصاف نہیں فراہم کرتے ہیں، آج بلوچستان کے ریگستان فرزندانِ وطن کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، محکوم قوم کیلئے دن بدل ہوتے ہیں، دن بدلنے سے ان کا قسمت نہیں بدلتا بلکہ اپنی قسمت خود بدلنا، اپنی تقدیر جدوجہد سے بنانی پڑتی ہے –

انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ بلوچوں کیلئے سیاہ مہینہ قرار دیا جاتا ہے، پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی اگست میں متعدد بلوچوں کو ماورائے عدالت قتل اور گمشدہ کیا گیا، لاپتہ افراد کو ماورائے قانون اور عدالت قتل کرکے انکی لاشیں ویرانے میں پھینکے جا رہے ہیں، عالمی سامراجی اور استعماری طاقتوں کے خونی کھیل میں بلوچستان کو خون سے رنگا جا رہا ہے –

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اپنے تسلط اور غلبہ کو برقرار رکھنے کیلئے بلوچ نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے سلسلے کو روز تیز کرتا جا رہا ہے، ان کا خیال ہے کہ جب یہ قوم نہیں رہے گی تو وہ بآسانی اسکے وسائل اور زمین پر اپنا قبضہ برقرار رکھ پائیں گے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن آج تک جاری ہیں، لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، کل کے دن کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے چار افراد کو جبری لاپتہ کیا گیا۔