اسرائیل: پارلیمنٹ تحلیل کرکے دوبارہ انتخابات کا فیصلہ

215

اسرائیلی وزیراعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے دوبارہ انتخابات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔  

ایک مشترکہ بیان میں، بینیٹ اور لیپڈ نے کہا کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے بعد خیال کیا جارہا ہے کہ اسرائیل میں ممکنہ طور پر انتخابات 25 اکتوبر کو ہوں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اگلے ہفتے اسرائیلی پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوگی جس کے بعد لیپڈ نئے انتخابات ہونے تک وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔   

یاد رہے کہ لیپڈ اور بینیٹ نے جون 2021 میں دو سال کے سیاسی تعطل کے بعد ایک غیر متوقع اتحاد قائم کیا تھا، جس سے سابق وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے ریکارڈ  12 سالہ دور حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔  تاہم اقتدار میں آنے کے بعد دائیں بازو کی مخلوط حکومت شروع سے ہی کمزور تھی۔  اطلاعات کے مطابق ملکی پالیسی پر مختلف رائے رکھنے والے 8 دھڑوں پر مشتمل یہ اتحاد اس وقت ٹوٹنا شروع ہوا جب کچھ اراکین نے اس اتحاد کو ترک کر دیا۔