بلوچستان بلدیاتی انتخابات: پولنگ اسٹیشنوں پر حملے جاری، فورسز اہلکار زخمی

667

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بلدیاتی الیکشن کا سلسلہ جاری ہے وہیں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پولنگ اسٹیشن و فورسز پہ حملے بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔ نوشکی، قلات، گوادر اور کوہلو میں دستی بم و راکٹ حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ضلع نوشکی کے نواحی علاقے کلی سردار مینگل میں خواتین پولنگ اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔ دھماکے سے کسی قسم  کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دھماکا نوشکی یونین کونسل مینگل وارڈ نمبر چار کے قریب ہوا۔

دریں اثناء کوہلو کے علاقے ماوند میں بریلی پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم سمت سے تین راکٹ فائر کیے گئے، گولے پولنگ اسٹیشن اور لیویز چیک پوسٹ کے قریب گرے تاہم جانی نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

دوسری جانب گوادر کے علاقے پانوان میں نامعلوم افراد پولنگ اسٹیشن پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

جبکہ قلات کے علاقے منگچر کالج میں پولنگ اسٹیشن کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ حکام نے دستی بم حملے میں ڈیوٹی پر معمور فورسز اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے اسی پولنگ اسٹیشن کو گذشتہ رات بھی نامعلوم افراد نے بم حملے میں نشانہ بنایا تھا۔

اُدھر چاغی کے علاقے پدگ میں پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جانبحق ہوا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات آنا باقی ہے۔

واضح رہے پولنگ اسٹیشنوں پہ حملوں کا سلسلہ پرسوں رات سے شروع ہوا۔ اب تک خضدار میں تین، تربت میں تین، قلات میں دو، کوہلو، نوشکی اور گوادر میں ایک ایک حملے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ خضدار اور چمن میں ملنے والی دیسی ساختہ بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔

علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں امیدوار کے مابین تصادم ہوئے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔