مثبت سیاسی عمل سے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے – ڈاکٹر مالک

202

بلوچستان کے ضلع کیچ کے میں ہفتے کے روز ایک شمولیتی پروگرام سے بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثبت سیاسی عمل سے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، جس پر نیشنل پارٹی حقیقی معنوں میں کاربند ہے۔

نیشنل پارٹی زرائع کے مطابق احسان شاہ کے 30سالہ پرانے ساتھی خدابخش مرزا، الہٰی بخش، حمزہ، شہدوست، عبدالواحد پسران خدابخش، میانداد عصاء، عصاء جمال اور جمال عصاء و دیگر نے اپنے خاندانوں اور عزیز واقارب سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے –

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا بنیادی مقصد عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانا، روزگار کے برابر مواقع کی فراہمی، آنے والی نسلوں کی بہترین تربیت اور صحت مند معاشرے کی تعمیر و تشکیل ہے-

انہوں نے کہا کہ کلگ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کا گھرہے، گذشتہ انتخابات کی طرح آنے والے الیکشن میں بھی کلگ نیشنل پارٹی کا قلعہ ثابت ہوگا، پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مایوس نہیں کیاجائے گا-

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی حقیقی جمہوری، سیاسی و وفاقی نظام پر یقین رکھتی ہے، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی اور غیر جانبدار انتخابات سے سیاسی سماجی اور معاشی ترقی ممکن ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین ضلع کونسل کیچ حاجی فدا حسین دشتی نے کہا کہ اس وقت ضلع میں پانچ ایم پی اے حکومت میں ہیں گزشتہ چار سالوں میں ایک بھی نمایاں اسکیم نظر نہیں آتا،اربوں روپے کے فنڈز کرپشن کی نذرہو چکے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی نے مختصر دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں،یونیورسٹی، میڈیکل کالج، سٹی پروجیکٹ، ڈیٹ فیکٹری، کلچر سینٹر اور بس ٹرمینل اس کی واضح مثالیں ہیں۔