عراق: امریکی قونصل خانے پر میزائل حملے

428

عراق کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی عراق میں کرد خود مختار علاقے کے دارالحکومت اربیل پر ہفتہ اور اتوار کے درمیانی شب متعدد میزائل فائر کیے گئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اربیل شہر پر 12 بلاسٹک میزائل داغے گئے ہیں جو عراق کے باہر ہمسائے ملک سے فائر کئے گئے ہیں تاہم کردستان علاقائی حکومت کے وزیر صحت سمن برزنجی نے میڈیا کو بتایا کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے-

دوسری جانب عالمی میڈیا میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ میزائل حملوں میں امریکا کی نئی زیر تعمیر قونصل خانے اور متعدد فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے-

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیوز اور تصاویر میں اربیل شہر کو بڑے دھماکوں سے گونجھتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ متعدد میزائل رہائشی علاقوں اور کردستان 24 ٹی وی کے دفتر کو لگے ہیں-

ادھر امریکی حکام نے اپنے کسی بھی تنصیبات پر حملے کی تردید کی کرتے ہوئے میزائل حملوں کی مذمت کی ہے-

یاد ہے اس سے قبل بھی اربیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعینات امریکی افواج کو حملوں کا سامنا رہا ہے۔ امریکی حکام اور اسکے اتحادی اکثر ایرانی ملیشیا کو مورد الزام ٹھہراتے رہیں-

دوسری جانب کچھ روز قبل ایران نے شام میں اسرائیل فوج کے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے اپنے دو سرکاری اہلکاروں کے بدلا لینے کا اعلان بھی کیا تھا-

دریں اثناء ایک غیر سرکاری ادارے کے مطابق ایران نے آج ہونے والے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملوں کا نشانہ اسرائیلی انٹیلجنس ادارے موساد کے ٹھکانے تھے-