اعوان گوٹھ واقعہ کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری

425

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے اعوان گوٹھ کچھی واقعہ میں نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف تیسرے روز بھی دھرنا جاری رہا –

تفصیلات کے مطابق آج دھرنے کا مجموعی طور پر چھٹا روز اور بلوچستان اسمبلی کے باہر تیسرا دن تھا- دھرنا شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی یار محمد رند نے کہا کہ ہم نے آئین اور اخلاقیات میں رہنے کی کوشش کی ہے، قدوس بزنجو قاتلوں کو پناہ نہ دے-

انہوں نے کہا کہ حکومت قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے بیرون ملک فرار کا موقع فراہم کر رہی ہے – تین دن سے ہائی کورٹ اور اسمبلی کے درمیان بیٹھے ہیں حکومت کو کوئی احساس نہیں ہے –

یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان اتنا لاوارث صوبہ ہے یہ احساس اب ہوا، دیگر صوبوں کے یہاں پوسٹ ہوکر آنے والے افسران ہمارے لیے فرعون بن جاتے ہیں-

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کے پیچھے کیا محرکات ہیں- انکا مزید کہنا تھا کہ ہم ظلم برداشت کرتے رہیں گے کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں، ہمارے ساتھ ظلم ہورہا ہے تو کمزور لوگوں کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا-

یار محمد نے کہا کہ ہم وزارت، نوکری یا حمایت نہیں بلکہ صرف انصاف مانگ رہے ہیں-

انہوں نے کہا کہ قاتل گرفتار نہ ہوئے تو وہ مزید لوگوں کو قتل کریں گے- مقتولین کے لواحقین کو حکومت انصاف نہ دے لیکن اللہ ضرور انصاف دے گا-

انکا کہنا تھا کہ کب تک یہاں الیکشن چوری ہوتے رہیں گے، یہاں جو اچھی بولی لگاتا ہے وہ الیکشن جیت جاتا ہے، جام کمال حکومت میں کیا خامی تھی،آج صوبے میں وزارتیں تک بک رہی ہیں

انہوں نے کہا کہ آج میں مجبوروں، مظلوموں کی بات کر رہا ہوں، بلوچستان میں اپوزیشن کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ کچھی میں زمین کے ایک ٹکرے کے لیے لوگوں کو قتل کیا گیا-

دھرنے میں بیٹھے لوگوں نے مجھے 9مرتبہ ممبر پارلیمنٹ منتخب کیا انہیں تنہا نہیں چھوڑوں گا، یہاں سردی میں لوگ بیٹھے ہیں میں بھی رات سکون سے نہیں سوتا –

یار محمد نے کہا کہ عدلیہ اور فوج پر الزام لگانا تو پہلے غیر قانونی تھا، اب لوگوں کی زبان بندی کے لیے نئے آرڈیننس لایے جارہے ہیں-

انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہتا ہوں آرڈیننس کا بدنما داغ اپنے ماتھے پر نہ لگائیں،ہم نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا-

انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے، حکومت کو دی گئی الٹی میٹم ختم ہوچکی ہے – یار محمد رند نے اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑا تو اسلام آباد بھی جائیں گے –