سرگودھا یونیورسٹی میں اوپن میرٹ سیٹیں ختم کرنا باعث تشویش ہے – ایس ایس ایف

858

سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے مرکزی ترجمان شفیع بلوچ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کے لئے اوپن میرٹ نشستوں پہ داخلے بند کرنا بلوچ طلبہ سے قلم و کتاب چھیننے کے مترادف ہے، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور و دیگر یونیورسٹیوں میں اوپن میرٹ ختم کرنے کے بعد بلوچستان کے غریب طلبہ کے لئے یونیورسٹی آف سرگودھا آخری امید کی کرن تھی جس سے کئی بلوچ طلبہ کا تعلیمی مستقبل جڑا ہوا تھا، مگر حال ہی میں اس واحد ادارے نے بھی پنجاب کے دیگر تعلیمی اداروں کی طرح بلوچ طلبہ کے لئے اپنے دروازے بند کردیے۔

واضح رہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور و دیگر پنجاب کی جامعات نے پہلے ہی سے بلوچ طلبہ کے لئے اپنے تعلیمی دروازے بند کردیے ہیں، بلوچ طلبہ کے لئے پنجاب کے تعلیمی اداروں کی جانب سے ایسے تعلیم مخالف اقدامات کا تسلسل کیا محض ایک اتفاق ہے یا منصوبہ؟

ترجمان ایس ایس ایف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ناکافی تعلیمی اداروں کی وجہ سے بلوچ طلبہ نے بحالت مجبوری اپنی امیدیں پنجاب کے تعلیمی اداروں سے وابستہ کر رکھی تھی کروڑوں کی آبادی پر محیط بلوچستان جہاں سی پیک، سیندک و دیگر منصوبوں پہ کام ہورہا ہے مگر تعلیمی ادارے نہ ہونے کے برابر ہیں، گنے چنے تعلیمی ادارے بھی سہولیات کےفقدان و دیگر مسائل کا شکار ہیں.

اکیسویں صدی میں جہاں دنیا سائنسی ایجادات و خلاء میں قلابازیاں لگانے میں مصروف ہے، اس دور میں بھی بلوچستان جدید تو درکنار بنیادی تعلیمی اداروں سے بھی محروم ہے. بلوچ سیاسی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ بلوچستان میں موجود تعلیمی اداروں کو فعال کرنے کے علاوہ نئے تعلیمی ادارے بنانے پہ توجہ دیں یا کم از کم بلوچ طلبہ کے لئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلے بحال کرائیں.

انہوں نے کہا کہ ایس ایس ایف نے بلوچ طلبہ کی علمی میدان میں ہر طرح سے رہنمائی کی ہے اور ایسے تعلیم دشمن اقدامات کو مسترد کیا ہے. تنظیم یونیورسٹی آف سرگودھا کے اس تعلیم کش فیصلے کو بھی بلوچ طلبہ کے لئے تعلیمی رکاوٹ سمجھتی ہے اور ہر ممکن حد تک بلوچ طلبہ کی آواز بنے گی اور ہر پلیٹ فارم پہ اس اجتماعی مسئلے کو اجاگر کرنے کی جدوجہد کرے گی.

ترجمان نے اپنانے بیان کے آخر میں کہا کہ بلوچ قوم پرست رہنماء، حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت بلوچستان کے طلبہ کےلیے سرگودھا یونیورسٹی میں نشستیں بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور یونیورسٹی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان کے طلبہ کےلیے اوپن میرٹ پر نشستیں ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیں.