تربت: سیکورٹی کے پیش نظر راستوں کی سخت ناکہ بندی، شہری پریشان

430

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں سیکورٹی خطرات کے پیش نظر ایف سی نے تربت شہر کے مختلف راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کی آمد و رفت بند کردی ہے –

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایف سی نے شہر کے مصروف ترین علاقے سینماچوک، اللہ والی مسجد سے مچھلی مارکیٹ، جبکہ زور بازار جانے والی سڑک سمیت پرانا سول ہسپتال جانے والی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ہے-

شہریوں نے سیکورٹی کے نام پر سڑکوں کی بندش، تذلیل اور نقل حمل پر پابندی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل آئین کی خلاف ورزی ہے –

انہوں نے کہا کہ آئین شہریوں کو نقل وحمل کی اجازت دیتی ہے مگر سرکاری ادارے سیکیورٹی کے پیش نظر راستوں کو بند کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ سیکورٹی کے نام لوگوں کی تذلیل بند کرکے ایف سی کو شہری اور کاروباری علاقے سے نکال کر یہاں پولیس کو تعینات کیا جائے –