کراچی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ حبیب بینک پراچہ چوک شیرشاہ کے قریب سوئی گیس لائن میں ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عمارت نالے پر قائم تھی، خدشہ ہے کہ نالے میں گیسز جمع ہوجانے کی وجہ سےدھماکہ ہوا تاہم حتمی وجہ کا اندازہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا تخریب کاری کا نہیں لگتا بلکہ گیس لیکیج کا دھماکا ہوسکتا ہے، دھماکے کے وقت بینک کھلا ہوا تھا جہاں معمول کا کام جاری تھا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔
کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور تفتیش کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ بتا سکے گی۔
کراچی کے ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے دھماکے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔