برازیل میں القاعدہ سے منسلک افراد اور کمپنیاں ’عالمی دہشت گرد‘

649

امریکی محکمہ خزانہ نے برازیل میں القاعدہ سے منسلک افراد اور کمپنیوں کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ اور اس سے وابستہ علاقائی گروپ دنیا بھر کے ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔

’امریکہ آج یہ اقدام اٹھا رہا ہے کہ برازیل میں قائم القاعدہ نیٹ ورک سے منسلک افراد اور ان کی کمپنیوں کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے تاکہ ان کی جانب سے القاعدہ کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت کو روکا جا سکے۔‘

امریکہ نے برازیل میں القاعدہ کو مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے ابتدائی رکن ہیتم احمد شکری احمد المغربی کے علاوہ محمد شریف محمد عواد کو بھی عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے جو برازیل میں القاعدہ کے دیگر ساتھیوں سے بینک کے ذریعے ٹرانسفر کی گئی رقم وصول کرتے تھے۔

علاوہ ازیں عواد اینڈ الخطیب کمپنیز کو بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق برازیل میں قائم القاعدہ نیٹ ورک کی کارروائیوں سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی سطح پر القاعدہ کی جانب سے دہشت گردی کا خطرہ برقرار ہے۔

’امریکہ پرعزم ہے کہ برازیل سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ القاعدہ کو مالی معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کو ختم کیا جائے۔‘