مشکے، پنجگور اور ڈیرہ بگٹی سے دو بھائیوں سمیت پانچ افراد لاپتہ

399

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی، پنجگور اور آواران سے پاکستانی فورسز نے دو بھائیوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ شخص کی شناخت عبدالوہاب بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان کو فورسز نے آج صبح گھر پر چھاپہ مارکر حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے جو تاحال لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب ضلع آواران کے علاقے مشکے سے بھی فورسز نے دو بھائیوں کو اغواء کرکے لاپتہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق رات گئے فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے مشکے کے علاقے پروار میں گھر پر چھاپہ مارکر مذکورہ بھائیوں کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے دونوں بھائیوں کی شناخت محمد عیسیٰ اور عبدالحق ناموں سے ہوئی ہے۔

اسی طرح پاکستانی فورسز نے پنجگور سے بھی دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں میں راشد حسین ولد واحد بخش اور سجاد ولد لال بخش شامل ہیں۔

ذرائع بتارہے ہیں ان میں راشد کو چھ نومبر کو اور سجاد دو ستمبر کو فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا ہے جوتاحال ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں فورسز نے بڑی تعداد میں لوگوں حراست میں لیا ہے جن میں اکثریت بلوچ نوجوانوں اور طالب علموں کی ہے۔

جبکہ رواں ماہ بلوچستان یونیورسٹی کے ہاسٹل سے فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے طالب علموں کی بازیابی کے لئے طالب علموں کا کوئٹہ میں احتجاج جاری ہے جبکہ کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں طالب نے تعلیمی سرگرمیاں سے بائیکاٹ بھی کی ہوئی ہے۔