پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو افراد لاپتہ، ایک بازیاب

303

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والا ایک شخص بازیاب جبکہ خاران اور کیچ سے پاکستانی فورسز نے دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

خاران سے حراست بعد لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت حبیب اللہ ولد لعل بخش کے نام سے ہوئی ہے۔

مذکورہ شخص کو پاکستانی فورسز نے تین روز قبل خاران سے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حبیب اللہ ولد لعل بخش سمالانی جو کہ پہاڑی علاقہ گور برات قلات کا رہائشی ہے خاران کے علاقے یوسف وال کے مقام پر بزگری کرتا تھا۔

مزکورہ شخص تین دن قبل اپنے علاج کیلئے خاران شہر میں واقع سول ہسپتال آیا تھا جہاں سے پاکستانی فورسز نے انہیں حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔

ادھر ضلع کیچ سے اطلاعات ہیں کہ پاکستانی فورسز نے ضلع کیچ کے تحصیل دشت بلنگور سے ماجد ولد قادر داد نامی نوجوان کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماجد اس سے قبل بیرونی ملک میں مزدوری کرتے تھے اور حال ہی میں بلوچستان واپس آئے تھے اور اپنے گزر بسر کے لیے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر فروخت کرتے تھے جنہیں فورسز نے اس وقت حراست میں لے کر لاپتہ کردیا جب وہ لکڑیاں کاٹ رہا تھا۔

درین اثنا بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے ‏11 اکتوبر کو جبری گمشدگی کے شکار ہونے والے نوجوان نوید بلوچ بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

نوید بلوچ کو سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا تھا۔ سوشل میڈیا میں ایک وائرل ہونے والے وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سی ڈی ٹی اہلکار خواتین اور بچوں کے سامنے انہیں لے جارہے ہیں۔