بی ایس او کی 54 ویں تاسیس پر قومی کونسل سیشن بیاد حانی بلوچ منعقد کرنے کا فیصلہ

144

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس آنلائن زوم سپیس پر منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی چیئرمین ظریف رند نے کی جبکہ اجلاس کی کاروائی سیکرٹری جنرل نے چلائی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد گذشتہ مرکزی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق قومی کونسل سیشن کے متعلق جائزہ اور فیصلوں پر غور و غوض کرنے کے حوالے سے تھا۔ جس میں مرکزی قیادت نے بھرپور حصہ لیا اور کونسل سیشن کے مختلف معاملات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

تنظیم کے اہم اجلاس میں چیئرمین ظریف رند نے تنظیم کی سرگرمیوں اور حالیہ بڑھوتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی ایس او انتہائی مشکل حالات میں جس طرح سے اپنے نظریات کا دامن تھامے ہوئے بلوچ سوسائٹی میں کام کر رہی ہے بلاشبہ وہ قابل فخر ہے۔ جہاں سیاسی بیگانگی اور خوف اپنے عروج کو پہنچا ہے وہیں بی ایس او کے ساتھیوں کی فکری و عملی جہد ایک امید کی کرن ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں بی ایس او کا بائیسواں کونسل سیشن تنظیم کی بڑھوتری میں اہم کردار ادا کرے گی اور ادارے کی محکم جدوجہد کو مزید نکھارنے کا موجب بنیگی۔ بی ایس او کی ناقابل مصالحت جدوجہد آج پھر طلبا کی اکثریت کو سیاست کی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جو کہ بذات خود ایک تاریخی کامیابی ہے۔

اجلاس میں کونسل سیشن کی تیاریوں کے حوالے سے مفصل بحث ہوئی اور مختلف رپورٹس پر پیش کی گئی۔ جبکہ مرکزی دوروں کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا اور کونسلران کے چناؤ کے حوالے سے بھی معاملات طے پائے۔ اس کے علاوہ سیشن کیلئے فنڈنگ اور تشہیر کے متعلق بھی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

مرکزی کمیٹی نے بائیسواں قومی کونسل سیشن بی ایس او کی 54ویں تاسیس پر بنام ‘بی ایس او کے دفاع میں’ اور بیاد ‘ شہید کامریڈ ھانی بلوچ’ منعقد کرنے پر متفقہ طور پر منظور کیا۔

مرکزی اجلاس میں طے پایا کہ 26 اور 27 نومبر کو بند اجلاس جبکہ 28 نومبر کو تقریب حلف برداری اور جلسہ عام شال میں منعقد ہوگا جس میں خطے کی تمام ترقی پسند تنظیموں اور طلباء قائدین کو بھی مدعو کیا جائے گا۔