دو سال سے لاپتہ نیاز احمد کو بازیاب کیا جائے – حوا بلوچ

375

 

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے رہائشی ‏حوا بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک جاری کردہ وڈیو میں کہا ہے کہ میری ماموں نیاز احمد ولد قادربخش کو بازیاب کیا جائے –

انکا کہنا تھا کہ نیاز احمد کو تین دیگر افراد کے ہمراہ 15 اپریل 2019 کو انکے گھر سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا تھا۔ ان کے مطابق دیگر تین افراد کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا تھا لیکن میرے ماموں تاحال لاپتہ ہے۔

انہوں نے حکام بالا سے نیاز احمد کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے –

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ دو دہائیوں سے جاری ہے، بلوچستان میں لاپتہ افراد کے لیے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان میں یہ تعداد ہزاروں ہے جبکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی بلوچستان میں جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں –

بلوچستان کی سیاسی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کرتے آرہے ہیں اور انہیں عدالتوں میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں –