سارو گنگولی کی اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق

320

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کی ہے لیکن فلم کا نام ظاہر نہیں کیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سارو گنگولی نے نیوز 18 بنگلہ کو اپنی زندگی پر فلم بنانے جانے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی پر فلم بنانے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، یہ فلم ہندی میں ہوگی لیکن ابھی اس کے ہدایت کار کا نام ظاہر کرنا ممکن نہیں ہے’۔

سارو گنگولی نے کہا کہ تمام چیزوں کو حتمی شکل دینے میں مزید کچھ وقت لگے گا۔

تاہم اسکرین پر سارو گنگولی کا کردار کون ادا کرنے جارہا ہے اس حوالے سے بھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں لیکن ان کے مداح ان کی زندگی کے اہم لمحات کے بارے میں جان سکیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارو گنگولی پر فلم ایک بڑے بجٹ کے تحت، ایک بڑی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بنائی جائے گی۔

گزشتہ برس سارو گنگولی نے اداکارہ نیہا دھوپیا کے چیٹ شو نو فلٹر نیہا میں شرکت کی تھی، شو کے دوران ان سے سوال پوچھا گیا تھا کہ وہ اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اداکاری کے لیے کس کو ترجیح دیں گے۔

جس پر ساور گنگولی کسی اداکار کا نام تجویز نہ کرسکے تو نیہا دھوپیا نے ریتھک روشن کے نام کی تجویز دی تھی جس پر انہوں نے کہا تھا کہ ’پھر ریتھک کو جسامت میں، میرے جیسا ہونا پڑے گا‘۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی زندگی پر ’اے بلین ڈریمز’ بنائی گئی تھی جس میں خود سچن ٹنڈولکر نے اداکاری کی تھی اور ’ایم ایس دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری’ میں سشانت سنگھ نے دھونی کا کردار ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں رنویر سنگھ، بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں نظر آئیں گے جن کی کپتانی میں 1983 میں بھارت کو پہلا ورلڈ کیپ جیتا تھا جبکہ بھارتی وومن کرکٹر میتھالی راج کی زندگی پر بھی فلم کی تیاری جاری ہے جس میں تاپسی پنوں اداکاری کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔