بلوچستان: مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کی وجہ سے 6 افراد ہلاک

187
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ندی نالوں میں تغیانی کے باعث کئی علاقوں میں پانی داخل، کھیت و سڑکیں سیلابی ریلے کے باعث بہہ گئے، مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں ایف سی اہلکاروں سمیت. چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی معطل ہے-

پسنی میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش سے بجلی منقطع ہوگیا ہے، مختلف علاقوں میں گذشتہ رات بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے چار دیواریاں اور درخت گرگئے ہیں، مقامی انتظامیہ کے مطابق بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد جگہوں سے کھمبے اور تاریں گرنے کی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے رات سے پسنی شہر میں بجلی معطل ہوگئی ہے-

جھل مگسی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر گنداواہ سمیت کئی علاقوں میں گذشتہ رات طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، کئی مقامات پر دیواریں اور گھر گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم ان اضلاع سے کسی جانی نقصان کی ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی-

ادھر کیچ سے اطلاعات ہیں کہ تربت مرگاپ کے قریب گاڑی پانی میں بہہ جانے سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں، تربت سے جمک جانے والی مسافر بردار گاڑی بارش کے بعد آنے والی پانی کے تیز رفتار ریلے میں بہہ گئی۔گاڑی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے جبکہ ابھی تک دو افراد کی لاشیں ملی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔

اسی طرھ ضلعی ہیڈ کوارٹر شہر گنداواہ کا کئی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جن میں قاضی اسماعیل گہیلا کوٹڑہ کھاری پیر چھتل شاہ نورانی کمبی گھاترہ گاجان پتری بھی شامل ہیں۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر شہر گنداواہ میں قلت آب کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا شہر بھر میں پینے کا صاف پانی نایاب ہوگیا مقامی افراد کے مطابق پانی کی قلت سے شہری اذیت ناک حالت سے دوچار ہیں-

بلوچستان میں جہاں شدید بارشوں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے وہیں بارشوں سے لوگوں کے گھر کھیت و سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں بارشوں کے باعث چھ افراد ہلاک ہوگئے جہاں کوہلو میں سیلابی ریلے میں بہ جانے سے فرنٹئر کور کے دو اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں –

جبکہ چاغی و دالبندین میں بھی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرگئے جبکہ چاغی میں پاک ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے –