امان اللہ یاسین زئی اپنے منصب سے مستعفی، ظہور آغا نیا گورنر مقرر

306

 

کوئٹہ گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی اپنے منصب سے مستعفیٰ ہوگئے-

گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی نے بدھ کے روز صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا –

اطلاعات کے مطابق گورنر بلوچستان کو وزیر اعظم پاکستان کے جانب سے خط کے ذریعے استعفیٰ دینے کی ہدایت کی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے گورنر کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سیاسی چیلنجز کے پیش نظر نیا گورنر تعینات کرنے کا ارادہ ہے-

عمران خان کی جانب سے گورنر بلوچستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھاکہ وہ ملک میں کووڈ 19 سے پیدا شدہ حالات کے باعث گورنر کو نہیں مل پائے- بلوچستان میں عوام کے مسائل کے حل اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرکے مطمئن ہوں-

انہوں نے کہا کہ تاہم موجودہ سیاسی حالات وقت کی ضرورت اور پاکستان کے عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

جسٹس (ر)امان اللہ یاسین زئی کو اکتوبر 2018 کو وزیر اعظم عمران خان کی سفارش پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کا گورنر تعینات کیا تھا گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اس سے قبل 2005 سے 2009 تک بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے تاہم سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کا سامنا کرنے سے بچنے کے لیے دیگر 4 ججوں کے ہمراہ استعفیٰ دے دیا تھا-

صدر پاکستان عارف علوی نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، اور انہوں نے سید ظہور احمد آغا کو بلوچستان کا نیا گورنر مقرر کردیا۔