ٹکری بہادر علی کیازئی کے خاندان سے اظہار یکجہتی کےلیے کل کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔بلوچ یکجہتی کمیٹی

116

 

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دو روز سے ماورائے عدالت گرفتار ٹکری بہادر علی کیازئی کو منظر عام پر نہ لانا نہایت ہی تشویشناک ہے۔ ٹکری بہادر علی کیازئی کا خاندان جو گزشتہ دو دنوں سے کوئٹہ میں احتجاج کر رہے ہیں اُن سے اظہار یکجہتی کےلیے کل بروز جمعہ کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ماورائے عدالت گرفتاریوں کا تسلسل روانی کے ساتھ جاری ہے اور اِس عمل میں کسی قسم کی تفریق کو بالائےطاق رکھا جا رہا ہے۔ ظلم و جبر کے اِس آڑ میں جہاں روز نہتے عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں لاپتہ افراد کے خاندان ایک کرب اور المناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ایک جانب جہاں ماورائے عدالت گرفتاری اور گمشدگیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے تو دوسری جانب گمشدہ افراد کو جعلی پولیس مقابلوں میں قتل کیا جارہا ہے۔ اِسی اثنا میں بہادر علی کیازئی کے خاندان کے بھی یہی خطرہ لاحق ہے کہ اُن کے پیارے کو کسی قسم کے جعلی پولیس مقابلے میں لقمہ اجل نہ بنایا جائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری اِس طرح کے انسانیت سوز واقعات کے خلاف بلوچ عوام جمہوری طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے تسلسل کے ساتھ احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرتی آرہی ہے۔ کوئٹہ سے لیکر کراچی اور کراچی سے لیکر اسلام آباد تک لاپتہ افراد کے ورثا نے دھرنے اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرتے ہوئے مقتدر قوتوں سے پیاروں کے بازیابی کی اپیل کرتے ہوئے انہیں منظر عام پر لانے کی درخواست کی لیکن تاحال حکومت کی جانب سے کسی قسم کی شنوائی نہ ہونے کے سبب دہائیوں سے لاپتہ اسیران تاحال بازیاب نہیں ہوئے۔ بہادر علی کیازئی کا خاندان بھی اُن کی جبری گمشدگی پر مذکورہ دن سے تاحال دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹکری بہادر علی کیازئی کے خاندان سے اظہار یکجہتی کےلیے کل بروز جمعہ شام چار بجے کوئٹہ بائی پاس پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انسانی حقوق کے اداروں، سماجی تنظیموں ، سیاسی پارٹیوں اور طلباء تنظیموں سمیت تمام انسان دوست افراد سے درخواست کی جاتی ہے کہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے قوم دوستی اور انسان دوستی کا ثبوت دیں۔