آواران:لیویز فورس کی گاڑی پر بم حملہ

272
file photo

 

بلوچستان کے ضلع آواران میں لیویز فورس کے گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم حملے میں نشانہ بنایا گیاہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ضلع آواران کے علاقے مشکے میں لیویز رسالدار میجر کے قافلے میں شامل گاڑی کو افطاری سے کچھ دیر قبل ریموٹ کنٹرول بم میں نشانہ گیا ہے۔ حملے میں دو لیویز اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو آواران ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

آواران اور مشکے میں پاکستانی فورسز فرنٹیر کور اور آرمی پر اس طرح کے حملے ہوتے آرہے ہیں جنکی ذمہ داریاں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی آرہی ہیں تاہم اس علاقے میں لیویز فورس پر ہونے والا یہ حملہ اپنے نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

خیال رہے کہ اپریل کے مہینے میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے لیویز اہلکاروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضلع آواران کے کچھ علاقوں خصوصاََ گیشکور اور مالار میں چند لیویز اہلکار پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر بلوچوں کی مخبری، دھمکی دینے اور عام لوگوں کو تنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی نشاندہی ہوچکی ہے اور تمام معلومات اور تفصیل ہمیں موصول ہوگئی ہیں۔ ہم انہیں تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی صورت میں پاکستانی فوج کا کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ بننے سے گریز کریں۔

ترجمان نے کہا تھا کہ اس تنبیہ کے بعد اگر انہیں اس جرم میں ملوث پایا گیا تو انہیں سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔