کیچ: مسلح افراد کے حملے میں ایک شخص ہلاک

637

بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات مسلح افراد نے کیچ کے علاقے زامران نوانو کے مقام پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ملا امین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حملہ آور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق ریاستی حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ سے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا امین گذشتہ سال نومبر میں تربت کے پوش علاقے میں پاکستانی فورسز کے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملا عمر کا بھانجا تھا۔ ملا عمر ایران کو مطلوب تھا ان پر ایران میں دہشت گردی کے حملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا دوسری جانب بلوچ حلقوں کے مطابق ملا عمر پاکستانی اداروں کی پشت پناہی میں کیچ میں بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف ڈیتھ اسکواڈز کی سربراہی بھی کررہا تھا۔

خیال رہے بلوچ سیاسی اور سماجی حلقوں کے مطابق بلوچستان بھر میں پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے بلوچ آزادی پسندوں کیخلاف ڈیتھ اسکواڈز تشکیل دے چکے ہیں مذکورہ گروہ لوگوں کو لاپتہ کرنے اور قتل کرنے کے علاوہ دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ہیں۔

بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گذشتہ روز ایک مہم EliminateStateDeathSquads# کے ہیش ٹیگ کے ساتھ چلائی گئی جو کچھ ہی گھنٹوں میں ٹاپ ٹرینڈ کے فہرست میں آگیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں بلوچ مسلح آزادی پسندوں تنظیموں کی جانب سے مذکورہ گرووں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں کافی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے حالیہ کچھ ہی دنوں میں یہ چھٹا واقعہ ہے جس میں ریاستی حمایت شخص کو ہلاک کیا گیا دیگر واقعات کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرچکے ہیں تاہم گذشتہ رات ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔