لنکڈ اِن نےتقریباً 16ہزار ملازمین کو چھٹی پربھیج دیا

113

پروفیشنل سوشل نیٹ ورک ‘لنکڈ اِن’ نے اپنے تقریبا تمام 15 ہزار 900ملازمین کو اگلے پورے ہفتے کی چھٹی دیدی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ‘لنکڈ ان’ نے بتایا ہے کہ اس نے اپنے ملازمین کو ’ریسٹ اپ‘ یعنی آرام کر کے تازہ دم ہو جانے کا پیغام دیا ہے اور کہا کہ پیر کے روز سے ملازمین کو اپنی دیکھ بھال کرنے کا وقت دیا جائے گا۔

اے ایف پی کو ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ پوری کمپنی کے ایک ساتھ چھٹی پر جانے میں ایک جادوئی اثر ہے، اور سب سے مزے دار بات یہ ہے کہ چھٹی کے بعد کسی کو بے شمار ای میلز کا جواب بھی نہیں دینا ہوگا۔

لنکڈ اِن’ کے مطابق اس ہفتے کے دوران ایک بنیادی ٹیم کام کرتی رہے گی تاہم انہیں اگلے ہفتے میں چھٹی دی جائے گی۔

امریکہ میں پچھلے برس کرونا وائرس کی عالمی وبا کے شروع ہونے کے بعد بڑی ٹیکنالوجی کی کمپنیاں گھر سے کام کروانے میں سر فہرست تھیں تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اسی طرح ٹویٹر نے گھر سے کام کو غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2016 کے وسط میں مائیکرو سافٹ نے ‘لنکڈ اِن’ کو 26.2 ارب ڈالر کے عوض خرید کر سوشل نیٹ ورکنگ کے میدان میں قدم رکھا تھا۔