بلوچ انسانیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، لاہور میں بلوچ لاپتہ افراد کیلئے احتجاج

205

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں گذشتہ نو روز سے جاری بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لاہور میں مظاہرہ کیا گیا۔

لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء طالبات کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ڈاکٹر عمار اور دیگر نے کہا کہ بلوچ آج انسانیت کی جنگ لڑ رہے ہیں یہ مسئلہ صرف بلوچستان کی نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی شہر لاہور سے وقاص، عاصم اور سلمان حیدر کو لاپتہ کیا گیا، پنجاب خاموش رہا۔ ڈاکٹر عمار نے کہا کہ یہ جنگ حق و باطل کی ہے اب پنجاب کو خاموش رہنے نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکمران ہمیں لڑا رہے ہیں لیکن ان ماؤں کی جدوجہد ہے کہ ہم اکھٹے ہورہے ہیں، پنجاب سے اغواء ہونے والے بچوں کی مائیں اب بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے دھرنے میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں بلوچستان کے لوگ ترقی، تعیلم اور یونیورسٹیوں کی مانگ کے لیے احتجاج کرتے لیکن یہ ریاست ان سے انکی بچے چھین رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست 70 سالوں بلوچوں سے انکا حافظہ اور مستقبل چھینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لیے پنجاب کو اب بولنا پڑے گا اگر بنگال کی طرح یہ لوگ جدا ہوئے تو پھر بولا جائے گا بیرون ہاتھ ملوث تھے بلکہ ہمارے اعمال کی وجہ سے بلوچستان اس مقام تک پہنچ چکا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین گذشتہ نو روز سے اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے دیے ہیں اور گذشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی اور مظاہرہ کیا گیا جبکہ کل بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں بھی ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔