کمسن عبداللہ لاپتہ کزن کیلئے سراپا احتجاج

165

شعیب بلوچ کو بازیاب کیا جائے، اگر مجرم ہے تو عدالت میں پیش کریں، لواحقین

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل مند گیاب کا رہائشی شعیب بلوچ ولد لال محمد 24 مئی2013 سے لاپتہ ہے. لواحقین کے مطابق شعیب ولد لال محمد کو پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے جبری گمشدگی کا شکار بنایا ہے، جو تاحال لاپتہ ہے.

کراچی پریس کلب کے سامنے بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں شعیب ولد لال محمد کی تصویر ہاتھوں میں اٹھائے کمسن عبداللہ حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میرا کزن شعیب بلوچ جسے 24 مئی 2013 کو اغواء کرکے لاپتہ کردیا گیا  جو تاحال لاپتہ ہے، اسے بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا خاندان اس وقت اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہے۔

یاد رہے کہ شعیب بلوچ کی والد لال محمد اپنے بیٹے کی گمشدگی کے دوران انتقال کرگئے۔

دریں اثناء ایک سال قبل لاپتہ ہونے والا بلوچستان کے ضلع کیچ تحصیل مند کے رہائشی نواز بلوچ ولد دوستین بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چئرمین نصراللہ بلوچ نے نواز بلوچ کی بازیابی کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی مثبت عمل ہے۔

اسی طرح ایک سال قبل جبری طور پر لاپتہ ہونے والا بسیمہ کا رہائشی علی بخش ولد برات گذشتہ روز بازیاب ہوگیا۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کیخلاف آواز اٹھانے والی تنظیموں سمیت سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں سمیت ان کی تشکیل کردہ ڈیتھ اسکواڈز جبری گمشدگیوں میں ملوث ہیں۔